ملک کے ڈیپ واٹر کنٹینر ٹرمینل، ہچیسن پورٹس پاکستان نے ملک میں مستحق نوجوان طلباء کی اعانت کے لئے دی ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ شراکت داری ہچیسن پورٹس پاکستان کے سی ایس آر پروگرام کا حصہ ہے جس کا عنوانTeach for Tomorrow ہے، جو ہچیسن پورٹس کے Dock School کے تعلیمی اقدام کی ایک کڑی ہے۔ اس پروگرام کونہ صرف نوجوانوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مالی مدد فراہم کرنے،بلکہ ان کے مستقبل کی تعمیر میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔
خواہشمند نوجوان طلباء کو مختلف تربیتی پروگراموں میں داخلہ دیا جائے گا جن میں الیکٹریکل ٹیکنالوجی، مکینیکل ٹیکنالوجی (مشینسٹ اور ویلڈنگ)، ہیٹ، وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشننگ اور ریفریجریشن (ایچ وی اے سی آر) اور میکاٹرونکس (روبوٹکس اور انڈسٹریل آٹومیشن) شامل ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام چھ ماہ کی مدت پر مشتمل ہوگا جو جولائی سے دسمبر 2022 تک جاری رہے گا۔
اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے، کیپٹن سید راشد جمیل، ہیڈ آف بزنس یونٹ، ہچیسن پورٹس پاکستان نے کہا، "موجودہ معاشی بحران اور نوجوانوں کی بڑی آبادی کے باوجود ملک میں جی ڈی پی کی کم شرح نموجیسے مسائل کے پیشِ نظر، آنے والے کل کے لیے قابل اور با ہنر افرادی قوت تیار کرنا ایک ٹھوس اور طویل مدتی حل کے طور پرسود مند ثابت ہوسکتا ہے اور ہم نے اس ہی مقصد کے حصول کیلئے دی ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔ ہچیسن پورٹس پاکستان ایک مستحکم بہتری لانے کے عزم کے ساتھ اپنے پہلے اقدام کے طور پر نوجوان طلباء کو تعلیمی معاونت فراہم کرے گا،اور اس کے ساتھ ساتھ طلباء کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے لئے ان کو ٹرمینل پر کام کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔"
ہنر فاؤنڈیشن کے بانی بورڈ ممبر،عباس اکبر علی نے شراکت داری پرگفتگو کرتے ہوئے کہا، "تکنیکی تربیت کا کوئی بھی پہلو جو نوجوان کو اپنے خاندان کے لیے روزی کمانے کے ذرائع فراہم کر سکتا ہے، وہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔مجھے خوشی ہے کہ ہچیسن پورٹس پاکستان ہمہ جہت،معاشرے میں بہترین انسانوں کی تخلیق اور انہیں دیگر مہارتوں سے لیس کرنے کے اپنے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمارے ساتھ شراکت داری اختیار کر رہا ہے۔"
ہچیسن پورٹس پاکستان کی جانب سے طلباء کی جامع اور مساوی تعلیم کی معاونت اور بعد ازاں اپنے ٹرمینل پر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کا اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ ادارہ پائیدار مستقبل کے لیے طویل مدتی عزم رکھتا ہے۔