ہچیسن پورٹ ہولڈنگز کے وفد نے گروپ منیجنگ ڈائریکٹر ایرک اپ (Eric Ip)کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں بحری امور کے وزیر سید علی حیدر زیدی، وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر حیدر گیلانی، جنرل منیجر اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ ہچیسن پورٹس کے وفد میں منیجنگ ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ اینڈی ٹسوئی (Andy Tsoi)، بزنس ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ ایرک نگ، ہیڈ آف بزنس یونٹ کیپٹن سید راشد جمیل اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
ایرک اپ نے وزیر اعظم کو ہچیسن پورٹ ہولڈنگز کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری پر روشنی ڈالی جس سے کراچی پورٹ پر نئے ٹرمینل کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ہچیسن پورٹس کی پاکستان میں سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں ہچیسن کے عملے کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار تک پہنچ جائے گی
وزیر اعظم کو ہچیسن پورٹ ہولڈنگز، اسکے مرکزی ادارے سی کے ہچیسن ہولڈنگز کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گروپ پاکستان کی معاشی ترقی میں سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہونے کے ساتھ کراچی پورٹ کو ایشیاءمیں تجارت کا مرکز بنانے کے لئے تعاون فراہم کر رہا ہے۔
وزیر اعظم نے ہچیسن پورٹ ہولڈنگز کی سرمایہ کاری اور پاکستان کی معاشی ترقی کے اسکے عزم کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری میں سہولت پر توجہ دینے اور کاروبار میں آسانی لانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس سے یقینی طور پر معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
غیرملکی سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ کرنسی کی موجودہ صورتحال سے برآمدات بڑھ رہی ہیں اور ایک اضافی کنٹینر ٹرمینل کی اشد ضرورت ہے۔ اسکے نتیجے میں یہ سرمایہ کاری برآمدات بڑھانے میں مدد گار ہوگی جس سے قومی خزانے کے ساتھ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بھی بھرپور آمدن ہوگی۔